
معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سے عوامی سہولت میں اضافہ ہوگا: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور کیش لیس معیشت کے لیے وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کریں۔اسلام آباد میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پلان کو صوبوں اور ان کے اداروں کے تعاون سے مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مقررہ مدت میں اہداف حاصل کیے جا سکیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس منصوبے میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت کو مستقل حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت کو فروغ ملے گا اور اس کا بنیادی مقصد عوام کو بغیر کسی اضافی لاگت کے سہولت فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی جا چکی ہے اور اس حوالے سے قواعد بھی وضع کر دیے گئے ہیں۔ اتھارٹی کے چیئرمین اور ارکان کی تقرری کا عمل آخری مراحل میں ہے۔