بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چیئرمین سینیٹ، ایتھوپیا کے سفیر کا دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے جمعہ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون، دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کراچی اور ادیس ابابا کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ایوی ایشن کے شعبے میں مزید تعاون کے قابل ذکر امکانات کا ذکر کیا۔

انہوں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایتھوپیا کو پاکستانی چاول کی درآمد کی تجویز دی۔

ایتھوپیا کے ساتھ خاص طور پر معیشت، تجارت اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے سے باہمی روابط مزید گہرے ہوں گے۔ انہوں نے اپنے ایتھوپیا کے پارلیمانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے چیئرمین کے ریمارکس کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ تجارت اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایتھوپیا کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور کے لیے فضائی رابطے کی توسیع پر غور جاری ہے۔

سفیر نے عالمی پلیٹ فارمز پر باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا اور موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات پر دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اشتہار
Back to top button