
وزیراعظم کا جی ایس پی پلس سکیم کے حوالے سے حکومتی عزم کا اعادہ
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جی ایس پی پلس سکیم کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جو پاکستان اور یورپی یونین کیلئے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوئی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار یورپی یونین کی سفیر Riina Kionka سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے آج (جمعہ) اسلام آباد میں وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کی سفیر کو پاکستان میں اپنی مدت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر یورپی یونین کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کمیشن کی صدر Ursula von der Leyen کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں ان سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔
یورپی یونین کی سفیر نے پاکستان میں قیام کے دوران بھرپور تعاون پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔