بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ریسلنگ لیجنڈ ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، پروفیشنل ریسلنگ کے لیجنڈری ستارے ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹیری جین بولیا تھا، 71 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ معروف امریکی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ (TMZ) کی رپورٹ کے مطابق، ہنگامی طبی عملہ جمعرات کی صبح فلوریڈا کے شہر کلیئر واٹر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ایک "کارڈیک اریسٹ” (دل بند ہونے) کے باعث طلب کیا گیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلک ہوگن کو ایمبولینس کے ذریعے اسٹریچر پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم جانبر نہ ہو سکے۔

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE) نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ ایک بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا:
"WWE کو یہ جان کر گہرا دکھ ہوا ہے کہ WWE ہال آف فیمر ہلک ہوگن اب ہم میں نہیں رہے۔ وہ پاپ کلچر کی سب سے زیادہ پہچانی جانے والی شخصیات میں سے ایک تھے جنہوں نے 1980 کی دہائی میں WWE کو عالمی سطح پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔”

ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے ہلک ہوگن کے انتقال کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم وہ گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف طبی مسائل کا شکار رہے۔

ہوگن نے 1980 کی دہائی میں پیشہ ورانہ ریسلنگ کو ایک چھوٹے پیمانے کی تفریح سے اربوں ڈالر مالیت کی خاندانی انٹرٹینمنٹ میں تبدیل کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی شہرت کا ایک نمایاں لمحہ 1987 میں "ریسل مینیا III” کے موقع پر آیا، جب انہوں نے مشہور پہلوان "آندرے دی جائنٹ” کو رنگ میں اٹھا کر زمین پر پٹخا، جو آج بھی ریسلنگ کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ سمجھا جاتا ہے۔

ہلک ہوگن نے فلمی دنیا میں بھی قسمت آزمائی کی اور "راکی III” اور "سانتا ود مسلز” جیسی فلموں میں کام کیا۔ اگرچہ اداکاری کا کیریئر زیادہ کامیاب نہ رہا، لیکن وہ وقتاً فوقتاً رِنگ میں واپس آتے رہے۔

حالیہ برسوں میں وہ سیاسی میدان میں بھی سرگرم نظر آئے۔ 2024 میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مشہور انداز میں اپنی قمیض پھاڑ کر "ٹرمپامینیا” کا نعرہ لگایا۔

اشتہار
Back to top button