
وزیراعظم شہباز شریف کا برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ کی پابندی اٹھانے کا خیرمقدم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر پابندی اٹھانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیں اور ملک کی ساکھ کو ٹھیس پہنچی۔انہوں نے کہا کہ پروازوں کی پابندیوں کا خاتمہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث اطمینان ہے اور اسے ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔وزیراعظم نے پاکستانی پروازوں پر پابندی ہٹانے میں کردار ادا کرنے پر نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزارت دفاع اور ایوی ایشن ڈویژن کی کوششوں کو سراہا۔شہباز شریف نے کہا کہ اس مثبت پیش رفت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج بلند ہو گا اور برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایئر لائنز کو ہوا بازی کے شعبے میں عالمی کیریئرز کے ساتھ مسابقتی بنانے کے لیے تیزی سے کوششیں جاری ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت قومی ہوا بازی کے شعبے میں شفافیت، معیار اور بین الاقوامی معیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط اقدامات کر رہی ہے