
سعودی حکومت سے پاکستان کاحج کوٹہ بڑھانے کی درخواست کی ہے،سردار محمدیوسف
مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عازمین حج کی خدمت کرنا عبادت ہے اور خلوص نیت سے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشش کرنا بھی بندگی کا ایک فعل ہے۔وزیر مذہبی امورنے دارالعلوم مانسہرہ میں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی عازمین حج کے لئے بہتر سہولیات کی فراہمی کے بارے میںوزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں کی گئی اہم اصلاحات کواجاگرکیا۔انہوں نے کہا کہ حج خدمات کے انتظام میں ماضی کی کوتاہیوں کو دور کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔سردارمحمد یوسف نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے اور اس سال حج رجسٹریشن کے لئے موصول ہونے والی ساڑھے چارلاکھ درخواستوں کی ریکارڈتعداد اس کاواضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی حکومت سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ آبادی کے تناسب سے پاکستان کاحج کوٹہ بڑھا کردولاکھ تیس ہزار تک کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ حج کی سعادت حاصل کرسکیں۔