
وزیراعلیٰ پنجاب کا ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبے کی رفتار تیز کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس دن ایک غریب کے سر پر چھت آجاتی ہے، اس دن ریاست کامیاب ہو جاتی ہے، ہماری دن رات کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی شہری بغیر چھت کے نہ رہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت لاہور میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے پر اہم اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز کو منصوبے کی موجودہ صورت حال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے 51 ہزار 911 نادار خاندانوں کو قرضہ فراہم کیا جا چکا ہے، اس کے علاوہ اب تک 60 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ روایتی سیاست کا دروازہ بند کیا، اور خدمت کا در کھول دیا، اپنی چھت اپنا گھر محض اینٹوں اور دیواروں کا منصوبہ نہیں، نادار افراد کے لیے نئی زندگی کا آغاز ہے-مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ہوا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر غریب اور بے گھر خاندانوں کے لیے عملی اقدامات ہو رہے ہیں، میری دن رات کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی شہری بغیر چھت کے نہ رہے۔
یاد رہے کہ مئی 2025 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’اپنی زمین اپنا گھر‘ ای پورٹل کا افتتاح کیا تھا، اسکیم کے تحت بے گھر افراد کے لیے پنجاب میں ہر روز 300 گھر بننے لگے تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیجیٹل بٹن دبا کر ’اپنی زمین، اپنا گھر‘ ای پورٹل کا آغاز کیا، جس کے تحت پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ اسکیموں میں 2 ہزار پلاٹ دیے جانے ہیں۔