
زرعی شعبے میں بڑی پیش رفت: نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا قیام
حکومتِ پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت زرعی شعبے میں اصلاحات کے سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (NAFSA) کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
اس نئی اتھارٹی کے قیام کے لیے ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن (DPP) اور اینیمل کوارنٹین کو ضم کر دیا گیا ہے۔ یہ ادارہ زرعی تجارت، فوڈ سیفٹی، اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق نظام وضع کرنے میں مرکزی کردار ادا کرے گا، جسے ماہرین ملکی زرعی معیشت کے لیے ایک "گیم چینجر” قرار دے رہے ہیں۔
NAFSA کا بنیادی مقصد جدید، شفاف اور پائیدار زرعی نظام متعارف کرانا ہے تاکہ پاکستان کی زرعی برآمدات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنایا جا سکے۔ ادارے کے قیام سے میتھائل برومائیڈ جیسے مہنگے اور غیر ضروری کیمیکل کے استعمال میں کمی آئے گی، جس کے نتیجے میں فی کنٹینر تقریباً 40,000 روپے کی بچت ممکن ہو سکے گی۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اشتراک سے یہ اقدام زرعی شعبے میں شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور عالمی معیار کے نفاذ کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جو نہ صرف کسانوں بلکہ ملکی برآمدی صلاحیت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔