
صدر، وزیراعظم پاکستان کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حق خودارادیت دینے تک پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
آج منائے جارہے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ یہ دن وراثت میں ملنے والی لچک، سفاک قوتوں کے خلاف مزاحمت اور کشمیریوں کے اپنی آزادی کے لیے غیر متزلزل عزم کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کشمیری عوام کے غیر متزلزل حوصلے، عزم اور قربانیوں کو سراہا جنہوں نے کئی دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے اپنی جائز جدوجہد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔