
وزیر مملکت برائے اوورسیز عون ثقلین چوہدری کی بوسنیا میں شہداء ریفرنس میں شرکت
وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز، عون ثقلین چوہدری نے بوسنیا کے دارالحکومت سراجیوو میں 1995 کے مظالم کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور پاکستان کی طرف سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
تقریب میں شرکت کے دوران وزیر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تعزیتی پیغام پڑھ کر سنایا اور 8 ہزار سے زائد مظلوم مسلمانوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستانی عوام بوسنیا کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور ہم انسانیت کے خلاف ہر قسم کے ظلم کی مذمت کرتے ہیں۔”
وزیر مملکت نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بوسنیا کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے خیرسگالی اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔
تقریب میں بوسنیا کے صدر مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر خصوصی تشکر کا اظہار کیا۔ پاکستان کے سفیر برائے بوسنیا، میجر جنرل (ر) سید قیصر عباس شاہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ "جس طرح بوسنیا کے عوام نے ظلم کے خلاف جدوجہد کی، اسی طرح دنیا کو فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کی آواز بھی بلند کرنی چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کا پاسدار ہے اور دنیا بھر میں آزادی و خودمختاری کے حق میں کھڑا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ "بوسنیا میں ہونے والے مظالم تاریخ کا سیاہ باب ہیں جنہیں نہ صرف بوسنیا کے عوام بلکہ پوری دنیا 30 سال بعد بھی یاد رکھے ہوئے ہے۔”