
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
پاکستان اور آذربائیجان نے قانونی اور عدالتی شعبے میں تعاون مضبوط بنانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔مفاہمت کی اس یادداشت پر دستخط وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے دورے کے موقع پر کئے گئے۔وفاقی وزیر نے آذربائیجان کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے قانونی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
اعظم نذیر تارڑ کی آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید احمدوف کے ساتھ ملاقات میں مختلف اداروں کے وفود کے تبادلوں اور قانون کی عملداری جیسے شعبوں پر بات چیت کی گئی۔وزیر قانون نے آذربائیجان کی سپریم کورٹ کے چیئرمین انعام کریموف سے بھی ملاقات کی، جس میں عدالتی اصلاحات، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور تنازعات کے حل کے متبادل طریقوں کو بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔