
پاکستان کی سوڈان میں فوری جنگ بندی، سیاسی حل اور انسانی امداد کی فراہمی کی اپیل
پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں سوڈان کے لیے فوری جنگ بندی، سیاسی حل اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کی اپیل کی ہے۔اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے دارفور میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی رپورٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیس برس گزرنے کے باوجود متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمزم کیمپ جیسے مقامات پر متاثرین کو آج تک انصاف نہیں مل سکا، ان مظالم کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا ضروری ہے اور یہ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ سوڈانی عوام کو انصاف اور تحفظ فراہم کرے۔پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سوڈان کے عدالتی اداروں کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے اور آئی سی سی و سوڈانی حکومت کے درمیان ایسا تعاون قائم کیا جائے جو قومی خودمختاری اور تکمیلیت کے اصولوں پر مبنی ہو۔انہوں نے خبردار کیا کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر استثنیٰ کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ چناؤ کی بنیاد پر احتساب عالمی انصاف کے نظام کو غیر معتبر بنا دیتا ہے۔عاصم افتخار احمد نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سوڈان کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔