
وزیراعظم کی نیشنل شپنگ کارپوریشن کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے کیلئے منصوبہ وضع کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے کیلئے جامع منصوبہ وضع کیاجائے۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تشکیل نو، اصلاحات اور کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے جہاز رانی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے تفصیلی منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔شہبازشریف نے جہازوں کی تعداد میں اضافے اورپاکستان کیلئے مال بردار نقل وحرکت کیلئے جہاز رانی کے قومی ادارے کے جہازوں کے مسابقتی استعمال کیلئے اقدامات پر زوردیا۔وزیراعظم نے امیدظاہر کی کہ جہاز رانی کے قومی ادارے میں اصلاحات سے جہاز رانی خدمات کیلئے عالمی کمپنیوں کو دیاجانے والا بھاری غیرملکی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی اور مقامی بحری جہازوں کیلئے روزگار کے مزید مواقع پیداہوںگے۔