
پاکستان نے اپنے ثقافتی ورثے کی ڈیجیٹائزیشن کا آغاز کردیا ہے: عطا اللہ تارڑ
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی ثقافت اور ورثے کی ڈیجیٹائزیشن کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے ثقافتی تبادلے اور ایک دوسر ے کے تجربات سے سیکھنا، ثقافتی ورثہ اور جدت کے موضوع پر بیجنگ میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے میں مددملے گی اور اسے نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کی تشکیل کیلئے استعمال میں لاکر اسے با اختیار بنایا جاسکے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری محض ایک تجارتی راہدار ی نہیں بلکہ دوستی کا راستہ ہے اور دونوں ملکوں کے فن و ثقافت اور لذیذ کھانے بھی اس کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مستقبل کے تعاون پر توجہ دے رہے ہیں اور فلم سازی اور دستاویزی فلموں کی مشترکہ تیاری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے ڈیجیٹل میڈیا انفلو ئینسرز کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ سے ہماری شراکت داری پاکستان کی نوجوان نسل کو مزید بہتر اور بااختیار بنائے گی۔