بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دیہی ترقی کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے، وزیراعظم کا دیہی آبادی کی فلاح کو اولین ترجیح دینے کا عزم

 دیہی ترقی کا عالمی دن آج (اتوار) پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ یہ دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے گزشتہ سال ستمبر میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد کے تحت ہر سال 6 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک، علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں، اور غیر سرکاری اداروں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اس دن کی مناسبت سے دیہی ترقی کے فروغ کیلئے مناسب سرگرمیوں کا انعقاد کریں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک پیغام میں حکومتِ پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی دیہی آبادی کی فلاح و بہبود کو ایک مستحکم، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد سمجھتے ہوئے اولین ترجیح دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دیہات ملک کی تقریباً دو تہائی آبادی اور زرعی زمینوں کی نمائندگی کرتے ہیں، جو نہ صرف غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ ہماری صدیوں پرانی اقدار—تعاون، ہمت اور حوصلہ—کو بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس دن کو منا رہا ہے تاکہ دیہی آبادی کے کردار کو تسلیم کیا جا سکے اور ان کی ترقی کے عزم کو مزید تقویت دی جا سکے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت دیہی ترقی کو قومی ترقی کے ایک کلیدی ستون کے طور پر دیکھتی ہے اور اسے مسلسل ترجیح دیتی رہے گی۔

اشتہار
Back to top button