بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نویں محرم الحرام آج عقیدت و احترام سے منایا گیا، ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی کربلا میں دی گئی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج (ہفتہ) 9 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس کا انعقاد کیا گیا جبکہ مختلف شہروں میں تعزیہ اور عالم کے جلوس بھی نکالے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نویں محرم کا جلوس مرکز زئی امام بارگاہ G-6/2 سے برآمد ہوا۔جلوس اپنے روایتی راستے سے گزرنے کے بعد اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔دریں اثناء وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں عاشورہ کے سیکورٹی پلان کے تحت پہلی بار موبائل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔موبائل کنٹرول روم موبائل سگنلز کے بغیر بھی کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بلاتعطل مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن کو یقینی بناتا ہے۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ اور ریگل چوک سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ پشاور سے برآمد ہوا۔ مختلف امام بارگاہوں سے نکالے گئے کئی اور جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرنے کے بعد اپنے نقطہ آغاز پر اختتام پذیر ہوا۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے گیارہ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 سروس نے جلوس کے راستوں پر میڈیکل ریسپانس یونٹ بھی قائم کیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

اسی طرح کے جلوس کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان اور کرم اضلاع میں بھی نکالے گئے۔گلگت بلتستان میں مرکزی ذوالجناح و عالم کا جلوس آج امام بارگاہ کسرہ اکبر ڈاکپورہ سے برآمد ہوا جو مرکزی امامیہ مسجد گلگت میں اختتام پذیر ہوا۔

اشتہار
Back to top button