
وزیراعظم کا موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مالیاتی لائحہ عمل وضع کرنے پر زور
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔وہ آج خان کیندی میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعظم نے پائیدار ترقی کیلئے موثر انداز میں ماحول کیلئے فنڈز کی فراہمی کی ضرورت پر زوردیا ۔انہوں نے اہم علاقائی اور عالمی مسائل پرپاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا اور اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن 2025 سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ صاف توانائی کی راہداریوں اور ماحول دوست سیاحت کے منصوبے پسماندہ علاقوں میں سبز روزگار کی فراہمی اور آمدن کے حصول میں مدد کے ذریعے مجموعی اور پائیدار ترقی میں مزید معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔آج آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علاقائی روابط کو مستحکم کرنے اور ای سی او ٹرانسپورٹ راہداریوں کے آغاز کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ان راہداریوں کے قیام کا مقصد سلامتی کویقینی بنانا ، مختلف خطوں کے درمیان سیاحت ، اقتصادی ترقی اورپیداواری صلاحیت کو فروغ دینا ہے ۔اسلام آباد میں مارچ 2017ء میں اسی سی او سربراہی کانفرنس کے دوران ان عناصر کو ویژن 2025 کے طورپر تصور کیاگیاتھا۔اس سلسلے میں ای سی او تجارتی معاہدہ ایک نہایت اہم تجارتی معاہدے کی حیثیت رکھتا ہے تاہم کافی عرصہ گزرنے کے باوجود اس پرعملدرآمد نہ ہوسکا۔