
دراندازی کی کوشش ، سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں شمالی وزیرستان میں 30 خوارج کو ہلاک
ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ایک کوشش بھی ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ تیس خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی پراکسی گروپ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے یہ دہشت گرد پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
پاک فوج کے جوانوں نے موثر طریقے سے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
ہلاک ہونے والے ان بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضہ سے اسلحہ، بارود کی بڑی کھیپ بھی برآمد کر لی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے مثالی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑی تباہی سے بچا لیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں زور دیا کہ افغان عبوری حکومت کو چاہئے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی غیر ملکی پراکسی کی دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے افغان سرزمین استعمال نہ ہونے دے۔
آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن کے دفاع اور ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کیلئے غیر متزلزل رہیں گی۔