بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت اپنی اشتعال انگیزاورگمراہ کن پالیسیوں پرنظرثانی کرے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی موجودہ اشتعال انگیز اور گمراہ کن پالیسیوں پر نظر ثانی کرے جو جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔آج (پیر) اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے قیام کے 52 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان نے حالیہ بھارتی جارحیت کا فوری طور پر منہ توڑ جواب دیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حقوق اور استحقاق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے اور وہ بھارت کی جانب سے اپنے معمولی جغرافیائی سیاسی مقاصد کے حصول میں پانی کو ہتھیار بنانے کی کوششوں کو سختی سے مسترد کرتاہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو التواء میں ڈالنے کا غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام بلاجوازہے اورپاکستان عالمی قوانین اور معاہدے کی شقوں کی بھارتی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے تمام متعلقہ بین الاقوامی اور قانونی فورمز کو متحرک کرتا رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کو اپنے چوبیس کروڑعوام کوآبی دہشتگردی کے ذریعے یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پُرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کیلئے پُرعزم ہے اورہم عزت اوروقارکی بنیاد پر امن پریقین رکھتے ہیں۔

اشتہار
Back to top button