
وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوام دوست قدم ، پنجاب کے 24 اضلاع میں 240 الیکٹرک بسوں کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی سہولت اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک بڑا اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کے 24 اضلاع میں 240 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ لاہور میں ہفتہ کے روز اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد پر مبنی منصوبے کسی بھی تاخیر کے بغیر شروع کیے جائیں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے اعلان کیا کہ رواں سال اگست سے اکتوبر تک لاہور، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں 500 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی، جبکہ نومبر اور دسمبر کے دوران مزید 600 بسیں پنجاب پہنچائی جائیں گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کو سستی، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا بلکہ ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے ’’پنجاب کلین ایئر پروگرام‘‘ کے تحت شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور اور لاہور میں 400 الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بسیں نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مؤثر ہتھیار ہوں گی بلکہ عام آدمی کے لیے سفر کو باوقار اور سستا بنائیں گی۔
مریم نواز کے ان اقدامات کو عوامی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں یہ اصلاحات اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ عملی اقدامات بھی تیزی سے کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کا وژن ایک جدید، صاف اور شہری دوست پنجاب کی جانب واضح پیش رفت ہے۔