
پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے،نائب وزیراعظم
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے فلسطین کے مسئلے کا دو ریاستی حل طے ہونے تک اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں پاکستان کی کامیابیوں اور حالیہ سفارتی مصروفیات کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انیس سو سٹرسٹھ سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پرایک آزاد اورخودمختار ‘ قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے ساتھ فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
اسحاق ڈار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ ٹیرف مذاکرات میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ملک اس مسئلے کا مناسب حل نکال لیں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی یا مذاکرات کا نہیں کہاتاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر کے تنازعے سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات پر باوقار انداز میں جامع بات چیت کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا یہ پہلی بار ہے کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان کے بیانیئے کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور سراہا گیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا اور آئندہ ماہ کی بائیس تاریخ کو نیو یارک میں وزارتی اجلاس ہوگا۔