
ہزارہ قومی اتحاد پاکستان کے زیراہتمام کراچی میں ایک پُروقار عصرانے کا اہتمام، معروف ادیب، دانشور اور سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد میں شرکت
تقریب کا مقصد ملک کے ممتاز قلم کاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا
ہزارہ قومی اتحاد پاکستان کے زیراہتمام کراچی میں ایک پُروقار عصرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف ادیب، دانشور اور سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا مقصد ملک کے ممتاز قلم کاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا، جنہوں نے قومی ہم آہنگی، زبان و ثقافت کے فروغ اور شعوری بیداری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس پُروقار تقریب میں انٹرنیشنل یونین آف رائٹرز کراچی ڈویژن کے صدر جناب نعیم اشرف اور ہندکو زبان کی معروف ٹیلی فلم کے مصنف و ہدایتکار سید مہتاب شاہ کو ان کی علمی، ادبی اور تخلیقی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز کے طور پر مدعو کیا گیا۔
پروگرام کی صدارت صوبہ ہزارہ تحریک کے کوآرڈینیٹر حاجی خورشید ہزاروی نے کی، جب کہ میزبانی کے فرائض ہزارہ قومی اتحاد پاکستان کے مرکزی چیف آرگنائزر منیر عباسی ایڈوکیٹ اور انکی ٹیم نے انجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ "قلم کار کسی بھی معاشرے کے فکری رہنما ہوتے ہیں، قوموں کی تقدیر کا تعین ان کی تحریروں سے ہوتا ہے، اور تاریخ گواہ ہے کہ بڑی تحریکیں اور انقلابات قلم کی طاقت سے ہی پروان چڑھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب نعیم اشرف اور سید مہتاب شاہ نے میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تقاریب سے اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور قومی یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سظح پر قوم کی تہذیب، زبان اور ثقافت کےتحفظ کے لیے ادیبوں، صحافیوں اور دانشوروں کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اور بالخصوص ہزارہ وال کو بھی اپنی تہذیب اور کلچر کو نمایاں کرنا ہو گا. تقریب میں یوٹیوب چینل ڈائریکٹر سبیل اعوان اور روزنامہ شمال کے چیف ایڈیٹر جاوید اقبال سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دونوں شخصیات نے اپنی تحریروں، ڈراموں اور ادبی سرگرمیوں کے ذریعے قومی ہم آہنگی، ثقافتی ورثے اور لسانی شناخت کو زندہ رکھا ہے۔ ان کی خدمات کو کراچی سے کوہستان تک بسنے والے ہزارہ وال قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔ حاضرین نے پُرجوش تالیاں بجا کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔