
وزیراعظم کا عالمی سطح پربھارتی جارحیت کوبے نقاب کرنے پرپاکستانی وفد کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی بلاجواز عسکری اور آبی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکہ ، یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیر اعظم، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے امریکہ اور یورپ بھیجے گئے اعلیٰ سطح کے سفارتی وفد کی ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔سفارتی وفد کے دورے کا مقصد بھارت کے ساتھ حالیہ فوجی تصادم پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنے سمیت بھارت کی جھوٹی خبروں کی مہم کو بے نقاب کرنا تھا۔ملاقات میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تحت ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچائو کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔