بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دیہی خواتین کو روزگار کیلئے بھینسیں اور گاہیں دی جائینگی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی پنجاب کے دیہات میں رہنے والی خواتین کے لئے ایک اور تاریخ ساز قدم اٹھا لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے غریب اور نادار دیہی خواتین کے لئے بہتر ذریعہ روزگار کا اہتمام کیا گیا ہے، دیہات میں رہنے والی غریب بیوہ خواتین کو بھینسیں اور گائیں دی جائیں گی۔ جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں 2 ارب روپے سے 11 ہزاردیہی خواتین کو بھینسیں اور گائیں دی جائیں گی، وزیراعلیٰ مریم نواز کے بے مثال پروگرام کے پہلے مرحلے میں 4870 مویشی دیے جائیں گے۔ سی ایم پنجاب لائیوسٹاک اثاثہ جات پروگرام کا مقصد دودھ کی پیداوار میں اضافہ اور دیہی خواتین کے لئے گھر بیٹھے روزگار کا اہتمام کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ لائیو اسٹاک اثاثہ جات پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، لیہ اور کوٹ ادو میں دیہی خواتین کو فری مویشی دیے جائیں گے۔

ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، رحیم یار خان اور بہاولپور میں بھی دیہی خواتین کو بہتر ذریعہ معاش کے لئے مفت مویشی دیے جائیں گے۔ 55 سال تک عمر کی مطلقہ اور بیوہ غریب خواتین گھر بیٹھے ایپ کے ذریعے بھی اپلائی کر سکتی ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین مفت مویشی حاصل کرنے کے لئے شفاخانہ حیوانات میں وزیراعلیٰ سہولت ڈیسک سے بھی رابطہ کر سکتی ہیں، دیہات اور شہروں میں غربت کا فرق مٹانا، ہمارا عزم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاشی ترقی دیہات میں رہنے والی بیٹی کا بھی حق ہے، شہروں اور دیہات میں مساوی معاشی مواقع فراہم کر رہے ہیں، عورت شہر میں ہو یا دیہات میں تعلیم، صحت اور روزگار اس کا بنیادی حق ہے۔

اشتہار
Back to top button