
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات آج رات ہو گی
فیلڈ مارشل آج رات وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کابینہ کے ارکان سے اہم اور تاریخی ملاقات آج رات وائٹ ہاؤس میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔یہ ملاقات آج امریکا میں ایسٹرن وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے یعنی پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب ہوگی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تاریخی دورہ امریکہ پاک امریکہ تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان کا عکاس ہے۔یہ ملاقات علاقائی اور عالمی استحکام میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی عسکری قیادت کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے قبل وائٹ ہاؤس مدعو کرنا امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی سٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے۔امریکی صدر سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا علاقائی استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی آگاہ ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ اور صدر ٹرمپ سے ملاقات جنوبی ایشیا میں خالص علاقائی استحکام کے طور پر پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔