بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور امریکہ اپنی تذویراتی شراکت داری مستحکم کررہے ہیں، وزیرخزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ اپنی تذویراتی شراکت داری مستحکم کررہے ہیں۔وزیر خزانہ نے آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ شب امریکی وزیر تجارت سے تعمیری اور مثبت گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکسیشن، توانائی اور دوسرے شعبہ جات میں اصلاحات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسابقتی معیشت کی جانب بڑھنے کے لئے ٹیرف اصلاحات بھی کی گئی ہیں۔

وزیر خزانہ نے پنشن اصلاحات کے حوالے سے کہا کہ ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن سکیم حکومت اور ملازمین دونوں کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے افراط زر میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں سات فیصد اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک کروڑ روپے سے زائد پنشن لینے والوں پر پانچ فیصد ٹیکس کی بھی تجویز دی ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اور نگزیب اور امریکی وزیر تجارتHoward Lutnick کے درمیان آن لائن ملاقا ت میں فریقین نے جوابی ٹیکسز پر تعمیری بات چیت آگے بڑھانے پر اتفاق کیا جس کا مقصد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینا ہے۔بات چیت میں تجارت ، سرمایہ کاری اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔فریقین نے رو ڈ میپ پر اتفاق رائے کے بعد اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آنے والے دنوں میں مزید تکنیکی سطح پر بات چیت ہوگی۔

 

اشتہار
Back to top button