
پاکستان نے فیٹف کے تمام تقاضے پورے کئے ہیں،وزیردفاع
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تمام تقاضے پورے کیے ہیں اور اسے کسی فہرست میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔اپنی سوشل میڈیا ایکس پوسٹ پر انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں واپس لانے کے اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے بین الاقوامی تعاون کے جائزہ گروپ نے اپنے اجلاس میں پاکستان کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چین نے اس ریلیف کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کی اور ترکیہ نے بھی چین کے مؤقف کی تائید کی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایشیا پیسیفک گروپ کے شریک چیئرمین کی حیثیت سے جاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی بڑی فتح ہے کہ بھارت اور اسرائیل کی بھرپور کوششوں کے باوجود ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کیا۔