
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا علاقائی امن کے لیے قریبی تعاون کا عہد
پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ مفاہمت جمعرات کو ابوظہبی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ملاقات کے دوران طے پائے۔
ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات پر زور دیا گیا جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قریبی تعاون کی تاریخ پر قائم ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو سراہا۔
دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور تمام سطحوں پر جاری مصروفیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے دورے کی اپنی پہلے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔