
قومی
صدر مملکت کا پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ بروئے کارلانے پر زور
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور عوامی سطح پرروابط کے شعبوں میں موجود صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ بروئے کارلانے پر زور دیا ہے۔وہ روس کے 35ویں قومی دن کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع پیمانے پر اعلیٰ سطح کے رابطے ہیں جنہوں نے مضبوط روابط اور افہام و تفہیم کی بنیاد رکھی ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر بھی قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ مضبوط ہوتا رہے گا۔اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاکستان میں روس کے سفیر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں پاک روس دوطرفہ تعاون اطمینان بخش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔