
ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں، صدر آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں کو تعصب اور ظلم کا سامنا ہے، ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں اور ورکرز سے ملاقات کی۔
عید کی مبارکباد دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے ورکرز ہماری قوت ہیں، مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک اور دھرتی سے وفا کرنی ہے، ملکی ترقی کے لیے كام کرنا ہے، معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، زراعت ہماری معیشت کی بنیاد ہے، ملک کو زرعی شعبے کی بنیاد پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری نے بھارت کی بڑھتی شدت پسندی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو تعصب اور ظلم کا سامنا ہے، ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں، مسلمان برصغیر میں تاریخی، مذہبی اور ثقافتی جڑیں رکھتے ہیں۔