بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور ملائیشیا کا مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ اعادہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اُن کے ملائیشیا کے ہم منصب داتو سری انور ابراہیم کے درمیان آج ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کیا گیا۔

وزیراعظم نے عیدالاضحی کے پُر مسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے امن اور تحفظ کیلئے دعا بھی کی۔شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران حمایت اور متوازن موقف پر ملائیشیا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اِس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی امن و استحکام کیلئے کوشاں رہا ہے تاہم بھارت کی فوجی جارحیت کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے امریکہ اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کی پیشکش قبول کی۔انہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

 

اشتہار
Back to top button