
روس کا پاکستان کیساتھ انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ
روس نے پاکستان کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے اندر بالخصوص انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بات ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور وزیر اعظم کے پاکستان کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
سید طارق فاطمی نے وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی قیادت کے روس کے ساتھ توانائی، رابطے اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
طارق فاطمی نے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس میں علاقائی کشیدگی کے خطرات سے متعلق پاکستان کے خدشات کا خاکہ پیش کیا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھ کر پانی کے بہاؤ میں خلل ڈالنے کے بھارت کی دھمکی کے سنگین مضمرات کو اجاگر کیا۔
روسی وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام پر اس کے مثبت اثرات کو نوٹ کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اپنے ملک کی حمایت پر زور دیا۔
پاک روس دوطرفہ تعلقات پر روسی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعاون میں مسلسل اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور نئی اسٹیل ملز کے قیام اور رابطے کے اقدامات جیسے اہم منصوبوں پر زور دیا۔
سید طارق فاطمی نے وزیراعظم شہباز شریف کا خط صدر ولادی میر پیوٹن کے حوالے کیا۔