
بلوچستان،سکیورٹی فورسزنے7دہشتگردوں کوہلاک کردیا
بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گردوں کو بلوچستان میں دو الگ الگ آپریشنز میں ہلاک کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کچی کے علاقہ مچھ میں آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران فوجیوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ضلع قلات کے علاقے مارگنڈ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک اور آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔دہشت گردی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔