بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اٹلی پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے، وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اٹلی پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور ان کی دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔وہ اسلام آباد میں اٹلی کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اٹلی کی حکومت اور عوام کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور عالمی امن اور ترقی کے عزم پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی بھرپور تاریخ ہے۔وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک ایک جامع اور طویل مدتی شراکت داری قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 2013 سے سٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان کے تحت ایک موثر ڈائیلاگ میکنزم ہے اور وہ سیاسی اور اقتصادی معاملات پر باقاعدہ بات چیت کے خواہشمند ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان پاک اٹلی مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اگلے اجلاس کی میزبانی کا منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستانی طلباء کے لئے ایک پرکشش مقام ہے اور اس وقت تقریباً 3500 پاکستانی طلباء اٹلی میں زیر تعلیم ہیں۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں اطالوی سفیر ماریلینا ارملین اور ان کی ٹیم کی دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید شراکت داری کو مضبوط بنانے میں انتھک کوششوں کو سراہا۔

اشتہار
Back to top button