
حلقہ پی پی 52 ضمنی الیکشن،مسلم لیگ ن کی حنا ارشد وڑائچ کامیاب
پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوارحنا ارشد وڑائچ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں واضح کامیابی حاصل کرلی ہے۔ حلقے کے تمام ایک سوپچاسی پولنگ اسٹیشنوں سے موصول ہونے والے غیرسرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے مجموعی طورپر78ہزارچارسوانیس ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوارفخرنشاط گھمن چالیس ہزارسینتیس ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبرپررہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی امیدوارحناارشددوڑائچ کوصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی باون سیالکوٹ کی نشست پرضمنی انتخاب جیتنے پرمبارکباد دی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پراعتمادکا اظہارکرنے پر سیالکوٹ کےعوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حمایت میں سیالکوٹ کے عوام کاووٹ موجودہ حکومت کی پالیسیوں پراعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی پی۔ 52 سمبڑیال کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مسلم لیگ ن کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی شاندار کامیابی حکومتی پالیسیوں پر عوام کے مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔