
حکومت پاکستان کومضبوط عالمی معیشت بنانے کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح کے بعد ملکی اداروں میں پائیدار اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو ایک مستحکم عالمی معیشت بنانے کی جدوجہد میں فتح یاب ہونے کیلئے پر عزم ہے۔ آج (پیر) اسلام آباد میں ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی اداروں سے کرپشن کے انسداد اور شفافیت کی عدم موجودگی جیسی دیگر خامیوں کو دور کرنے کیلئے تمام حکومتی ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایف بی آر میں جاری اقدامات و اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کیلئے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ مثبت معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے لائی گئی فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم جیسی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔