بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے نہیں دیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوں نے آج(ہفتہ) کوئٹہ میں کمانڈاینڈ سٹاف کالج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج خصوصاً پاک فضائیہ نے شہری آبادی پر بھارتی حملوں کا فیصلہ کن جواب دیا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے بہترین مفاد میں جنگ بندی کی پیشکش پر اتفاق کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ چین اور سعودی عرب پاکستان کے آزمودہ دوست ملک ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔معیشت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں اور عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری آرہی ہے وزیراعظم نے کہا کہ محاصل کی وصولی میں 28فیصد اضافہ ہوا ہے اور افراط زر کم ہوکر دس فیصد سے نیچے آگیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ IPPS کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کی گئی ہے جس کے باعث صارفین اور تاجر برادری کیلئے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔بعد ازاں وزیراعظم شہبازشریف نے کوئٹہ میں ایک گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کئے جائیںگے۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگرد عناصر سے بلوچستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی اور وہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 70ارب روپے کی لاگت سے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 150ارب روپے کی لاگت سے کوئٹہ کراچی نیشنل ہائی وے کو دورویہ بنانے پر کام جاری ہے۔

 

اشتہار
Back to top button