
طلائی تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو صدر، وزیراعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر داخلہ اور بابر اعظم کی مبارکباد
صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر داخلہ و چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی، سابق کپتان کرکٹ ٹیم بابر اعظم اور دیگر اہم شخصیات نے نے ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم کو ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک متاثر کن مثال ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ارشد ندیم کی کامیابی کے تسلسل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ الحمدللّٰہ، پاکستان کے لیے ہر میدان سے خوشیوں اور خوش خبریوں کی ہوا چل پڑی ہے۔ ارشد ندیم کے نیزے کے ساتھ قوم کی دعائیں اور امیدیں بلند ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل کے ساتھ قوم کے دل بھی جیتے اور تاریخ بھی جیتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم اور یاسر سلطان جیسے ہیرو ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ریاست ساتھ دے تو پاکستانی نوجوان کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ارشد ندیم کے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں شاباشی دی ہے۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ارشد ندیم کو جنوبی کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاباش ارشد ندیم شاباش، ہمیں آپ پر ناز ہے، ارشد ندیم کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم پاک دھرتی کا سپوت ہے اور آج ارشد ندیم نے ایک بار پھر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم پاکستان کا ہیرو ہے اور قوم اس کامیابی پر بہت خوش ہے، ارشد ندیم کی جیت سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تاریخی کامیابی پر ہر پاکستانی مسرور ہے اور قوم کو پاکستان کے باصلاحیت بیٹے پر فخر ہے، ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں پاکستان کا نام روشن کرکے سب کے دل جیت لیے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ایتھلیٹس کو ہرا کر چیمپئن شپ جیت کر قومی پرچم کو بلند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔بابر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ مبارک ہو ارشد ندیم ! آپ پر فخر ہے۔