بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ارشد ندیم نے تاریخ رقم کردی، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت لیا

اولمپک مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں بھی ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کرکے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا۔اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مینز جیولن فائنل میں ایک شاندار 86.40 میٹر کی تھرو کر کے میدان میں کامیابی حاصل کی، جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والی ایتھلٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 50 سال بعد پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت لیا۔یہ مقابلہ جنوبی کوریا کے شہر گومی میں منعقد ہو رہا تھا۔

بھارت کے سچن یادو نے 85.16 میٹر تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جب کہ جاپان کے یوٹا ساکی یاما نے 83.75 میٹر تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔چند ابتدائی تھرو میں سبقت حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کے رومیش تھارنگا پاتھیرجے 83.27 میٹر تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے، اور پوڈیم سے باہر ہو گئے۔پاکستان کے یاسر سلطان نے 75.39 میٹر تھرو کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ بھارت کے یش ویر سنگھ ذاتی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 82.57 میٹر تھرو کے ساتھ ان سے آگے پانچویں نمبر پر رہے۔چین کے ہو ہاورن نے سیزن کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 80.93 میٹر تھرو کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی، جب کہ سری لنکا کے سومیڈھا جاگت رانا سنگھے مدیانسیلاگے نے 79.81 میٹر تھرو کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی۔

اشتہار
Back to top button