
قومی
وزیراعظم کا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد (سی این پی )وزیراعظم محمدشہبازشریف نے سوراب بلوچستان میں بینکوں، بے گناہ شہریوں اور انتظامی حکام پر دہشت گرد عناصر کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے ایک بیان میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہشت گردوں سے اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔وزیراعظم نے شہید کے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔