بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

امریکی سرمایہ کارپاکستان میں معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں،رضوان سعید

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکی سرمایہ کارپاکستان میں موجود معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔واشنگٹن ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں امریکی پالیسی سازوں، سفارتکاروں اور بزنس کمیونٹی سے خطاب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی اورمعدنی وسائل جیسے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کیلئے نادر موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کا فروغ دونوں ملکوں کے لئے انتہائی سود مند ہے ۔ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان امریکہ کی نسبت ستر فیصد تک کم خرچ اور معیاری خدمات فراہم کر رہا ہے، کئی دہائیوں سے جاری 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کے کامیاب کاروبار پاکستان کے منافع بخش منڈی ہونے کی سب سے بڑی مثال ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کے لئے معاملات کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے، کاروباری طبقے کو موافق ماحول اور مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ سفارتی، سیاسی اور معاشی تعلقات ہیں، بحیثیت سفیر معاشی تعلقات کا فروغ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی کاٹن کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک ہے، پاکستان امریکہ سے سویا بین درآمد کر رہا ہے اور ایک علاقائی مرکز کے طور پر بھی کام کر سکتا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے،امریکی سرمایہ کاروں کے لئے اس شعبے میں بے پناہ کاروباری مواقع موجود ہیں،امریکی سرمایہ کاروں کے سامنے25 کروڑ آبادی کے ساتھ ساتھ خطے کی ایک بڑی مارکیٹ موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں موجود10 لاکھ کے قریب پاکستانی کمیونٹی پاک، امریکہ تعلقات کی سب سے پائیدار کڑی ہے۔سفیر پاکستان نے امریکہ کی ریاستی حکومتوں، کارپوریشنز اور دیگر کاروباری اداروں کو پاکستان آنے اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اورجارحیت ایسے وقت پر کی گئی جب پاکستان یکسوئی سے معاشی ترقی کی جانب گامزن تھا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے پر بحیثیت قوم فخر ہے تاہم ہماری اولین ترترجیح امن ہے جو معیشت کی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان،بھارت کشیدگی میں کمی لانے اور جنگ بندی کے حوالے سے امریکی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا۔

 

اشتہار
Back to top button