
تنازعات کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ثالثی کیلئے بین الاقوامی تنظیم کی تجویز اور اس کے قیام کیلئے چین کے ویژن کو زبردست انداز میں سراہا ہے۔وہ ہانگ کانگ میں پاکستان کی جانب سے ثالثی کیلئے بین الاقوامی تنظیم کے قیام کے کنونشن پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ دستخطوں کی یہ تقریب ناصرف بین الاقوامی ثالثی اور سفارت کاری کے نئے دور کا آغاز ہے بلکہ کثیر الجہتی اور ثالثی کے اصولوں کی حمایت کیلئے ایک اہم عالمی ادارے کا قیام ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی سختی سے پاسداری کے ذریعے امن و سلامتی اورعالمی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔اسحاق ڈار نے تنازعات کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے کہا کہ جموں و کشمیر کا حل طلب مسئلہ جنوبی ایشیاء میں تنازعے کی بنیادی وجہ رہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق اِس مسئلے کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔