بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سی ای او کے الیکٹرک کا قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کے اجلاس سے باہر جانے کا تنازعہ

کے الیکٹرک کے سی ای او کے قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کے اجلاس سے باہر جانے کے معاملے نے سیاسی اور انتظامی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

کے الیکٹرک حکام نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ارسال کیے گئے خط میں بتایا ہے کہ 27 مئی کو ہونے والے اجلاس میں سی ای او ذاتی طور پر موجود تھے، تاہم کچھ اراکین کو اجلاس میں آن لائن شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ اس موقع پر سی ای او نے کے الیکٹرک کو بھی آن لائن شرکت کا اختیار دینے کی درخواست کی تھی۔

اجلاس میں ایک ممبر کمیٹی نے شکایت کی کہ کے الیکٹرک کمیٹی کو مناسب اہمیت نہیں دیتا، جس پر کے الیکٹرک نے وضاحت کی کہ بورڈ میٹنگ کے باوجود سی ای او اس اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں انکریمینٹل کنزمپشن پیکچ 2021ء کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جہاں سی ای او نے ممبران کو آگاہ کیا کہ کے الیکٹرک نے کبھی کیس واپس لینے کی حمایت نہیں کی۔

بعد ازاں، چئیرمین کمیٹی کی ہدایت پر سی ای او کے الیکٹرک اجلاس کے دوران کمرے سے باہر چلے گئے، لیکن کے الیکٹرک کے دیگر حکام اجلاس میں موجود رہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ادارہ پارلیمنٹ اور اس کی قائمہ کمیٹیوں کا مکمل احترام کرتا ہے، تاہم اجلاس کے دوران پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے۔

کے الیکٹرک کی طرف سے درخواست کی گئی ہے کہ اس معاملے پر نوٹس لیا جائے اور اس کی مکمل تفصیلات کا جائزہ لیا جائے۔

اشتہار
Back to top button