
پاکستان اقوام متحدہ کےامن مشنزکومزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دو لاکھ پینتیس ہزار سے زائد پاکستانی امن دستوں نے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے 48 مشنز میں امتیازی خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 181 پاکستانی امن فوجیوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے حصول میں اپنی جانیں قربان کی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی میزبانی بھی کرتا ہے، جس کا کام جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگ بندی کی نگرانی کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کی کامیاب پالیسیوں کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے اور اقوام متحدہ کی امن فوج کی ان تیزی سے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کی استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کرے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنوں کا ایک اہم حصہ رہا ہے اور وہ دنیا کے امن، استحکام اور خوشحالی کے اپنے عزم پر مضبوطی سے کار بند رہے گا۔انہوں نے امن مشنز کو دور حاضر اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے مطابق ڈھالنے کیلئے سیاسی عزم کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔