
وزیراعظم تاجکستان کے دو روزہ دورے پر پہنچ گئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجکستان کے دو روزہ دورے پر دوشنبہ پہنچ گئے۔دوشنبہ ایئرپورٹ پر تاجکستان کے وزیراعظم کوخیر رسول زادہ، نائب وزیر خارجہ شریف زادہ فرخ حمید الدین، پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
اپنے دو روزہ دورہ تاجکستان کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ملاقات میں وزیراعظم تاجک صدر سے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی زبردست حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔وزیراعظم گلیشیرز کے تحفظ پر بین الاقوامی کانفرنس 2025 میں شرکت کریں گے۔کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے اور گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کریں گے۔