
پاکستان کا ایٹمی قوت بننا پوری امت مسلمہ کا فخر ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکے پرامن اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27 سال بعد بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے اورسربلند رہے گا، دشمن پاکستان کی سرزمین کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا پوری امت مسلمہ کا فخر ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو پوری دنیا میں پہلی مسلمان ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، 10 مئی کی فتح کی بنیاد 28 مئی 1998ء کو رکھی گئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو چاغی کے پہاڑوں میں لگائے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی وطن عزیز کی فضاؤں میں موجود ہے، قوم آج بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی ممنون ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ دشمن کو جب بھی منہ توڑ جواب ملا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی، ایٹمی دھماکے پرامن اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔