بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

کے-الیکٹرک کی سپلائی ٹیرف کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ جاری

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 27 مئی 2025 کو کے-الیکٹرک کی سپلائی ٹیرف سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔ یہ درخواست سات سالہ کنٹرول پیریڈ (مالی سال 2024 تا مالی سال 2030) کے لیے دسمبر 2023 میں جمع کرائی گئی تھی۔

یہ فیصلہ کے-الیکٹرک کے جنریشن ٹیرف (2024) اور حالیہ ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن ٹیرف کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے، جو ملک کے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور ضابطہ جاتی پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔ اب کمپنی اپنی سرمایہ کاری منصوبہ 2030 کے جائزے کے بروقت اختتام کی منتظر ہے۔

واضح رہے کہ نیپرا کی یہ منظوری صارفین پر لاگو بجلی نرخوں پر اثرانداز نہیں ہوگی، کیونکہ ملک بھر میں بجلی کی قیمتیں یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت مقرر کی جاتی ہیں۔

نیپرا کا یہ فیصلہ کے-الیکٹرک کے طویل مدتی سرمایہ کاری منصوبہ 2030 کی تکمیل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد ترسیلی و تقسیمی نظام میں نقصانات میں مزید کمی، صارفین کی تعداد میں اضافہ، اور موجودہ و مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے۔

کے-الیکٹرک نیپرا کے اس تفصیلی فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے اور ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ قریبی روابط جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ تمام اصلاحات اور ٹیرف اسٹرکچر طویل مدتی، شفاف اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ توانائی نظام کی تشکیل کو یقینی بنا سکیں۔

نجکاری کے بعد سے اب تک کے-الیکٹرک کراچی کے بجلی کے نظام میں 4 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکی ہے۔ کمپنی نے نہ صرف اپنے صارفین کی تعداد اور بجلی کی فراہمی کو دوگنا کیا بلکہ لائن لاسز میں بھی نمایاں کمی کی ہے۔ آج کے-الیکٹرک کے تقریباً 70 فیصد سروس ایریا میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی، جو شہر کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کے مطابق قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی، آپریشنل بہتری اور توانائی کی رسائی کے لیے کمپنی کی بھرپور کوششوں کی عکاس ہے۔

اشتہار
Back to top button