
یوم تکبیر کل قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا
1998ء کو پاکستان کے ایٹمی تجربات کی یاد میں یوم تکبیر کل قومی جوش و جذبے سے منایاجائیگا۔کل عام تعطیل ہے۔
اس دن پاکستان ایٹمی ہتھیار رکھنے والا دنیا کا ساتواں اور پہلا اسلامی ملک بنا تھا۔پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمرمبارک مند کی قیادت میں پاکستانی سائنسدانوں کی ٹیم نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے راس کوہ پہاڑوں میں ایٹمی تجربات کئے تھے۔
یہ دھماکے پاکستان کی داخلی سا لمیت’ آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے پاکستانی قوم کے عزم کا اظہار تھے۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا تاریخی بیان کہ وہ بھوکے رہ لیںگے لیکن ملک کو ایک ایٹمی طاقت بنائیں گے یہ سنگ میل عبور کرنے کا باعث بنا۔غیر ملکی دبائو کے باوجود اس وقت کے وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ایٹمی دھماکے کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں خطے میں تزویراتی طاقت کا توازن قائم ہوا۔پاکستان کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کو ناکام بنانے کی صلاحیت کا حق رکھتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔