
پاکستان سپر لیگ 10، لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی
پاکستان سپرلیگ 10 کے دوسرے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کی 203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کوئی بھی کھلاڑی جم کر بیٹنگ نہیں کرسکا، صرف دو کھلاڑی سلمان آغا ( 33 رنز ) اور کپتان شاداب خان ( 26 ) ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹرز لاہور قلندرز کے بولرز کی بہترین بولنگ اور اہم ترین میچ میں ایک بڑے ہدف کے تعاقب کا دباؤ برداشت نہ کرسکے اور ان کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں۔پورے ٹورنامنٹ میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے صاحبزادہ فرحان محض تین رنز بناسکے، دوسرے اوپنر محمد شہزاد صفر پر چلتے بنے۔
راسی وینڈر ڈسین نے سات اور عماد وسم نے آٹھ رنز بنائے، جیمز نیشم آٹھ اور حیدر علی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ صفر پر رنز آؤٹ ہوئے جبکہ ٹائمل ملز نے سات رنز بنائے۔لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور رشاد حسین نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر اسے آغاز ہی میں نقصان اٹھانا پڑا، جب اسٹار بیٹر فخر زمان دوسرے اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 11 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔
دوسرے اینڈ سے محمد نعیم نے تیزی سے رنز اسکور کرنا شروع کیے اور سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے محض 24 گیندوں پر دھواں دار نصف سینچری اسکور کر ڈالی مگر اگلی ہی گیند پر انہیں عماد وسیم نے آؤٹ کردیا۔عبداللہ شفیق نے 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے، انہیں جیمز نیشم نے آؤٹ کیا، کوشل پریرا نے 35 گیندوں پر 61 رنز کی دھوا دار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں سات چوکے اور دو جھکے شامل تھے۔
بھانوکا راجا پکسا 22 اور آصف علی 15 رنز بناکر پویلین لوٹے، جبکہ شکیب الحسن کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے تین، سلمان ارشاد نے دو جبکہ عماد وسیم اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا فائنل 25 مئی بروز اتوار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔