بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کررہاہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاہے کہ بھارت خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لئے پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کررہاہے۔

آج(جمعہ) کو راولپنڈی میں سیکرٹری داخلہ خرم آغا کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس مصدقہ اطلاعات اور شواہد موجود ہیں کہ بھارت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج جیسے اپنے آلہ کاروں کے ذریعے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو فروغ دے رہاہے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت خطے کو غیر مستحکم کرنے کی آماجگاہ بن چکا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی مالی معاونت’ منصوبہ بندی’ عملدرآمد اور ہدایات دینے میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اپنے بھارتی آقاؤں کی ایما پر مزدوروں’ حجاموں’ مسافروں اور اب سکول کے بچوں سمیت بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہاہے۔

احمد شریف چوہدری نے کہاکہ بھارت کے سوشل اور الیکٹرانک ذرائع ابلاغ بھی پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے میں سب سے آگے ہیں۔

انہوں نے بھارت کے سوشل میڈیا کے کئی اکاؤنٹس کی تصاویر اور بھارتی ذرائع ابلاغ کے ویڈیوز دکھائے جن میں جعفر ایکسپریس پر حملے سمیت پاکستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر خوشیاں منائی جارہی تھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے صحافیوں کو بتایا کہ خضدار سکول بس حملے کی ابتدائی تحقیقات سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ یہ حملہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را” کی سرپرستی میں وسیع پیمانے پر جاری پرتشدد واقعات کا تسلسل ہے۔

خرم آغا نے یقین دلایا کہ ریاست صوبائی حکومتوں اور قومی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کر دے گی۔

اشتہار
Back to top button